لیبیا کی وزیرخارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے خفیہ ملاقات پر عوام مشتعل، عہدے سے برطرف

لیبیا کی وزیر خارجہ نجلا المنگوش کو اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

گزشتہ دنوں لیبیا کی وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب سے اٹلی کے دارالحکومت روم میں خفیہ ملاقات کی تھی اور اس حوالے سے گزشتہ روز اسرائیلی حکومت نے باقاعدہ بیان جاری کیا تھا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے لیبیا کی وزیر خارجہ سے ہونے والی اس ملاقات کو تعلقات کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا تھا۔

لیبیا کی وزیر خارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر عوام مشتعل ہوگئی اور بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئی۔

لیبیا کی وزیر خارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر ملک میں ہنگامے، وزیر خارجہ معطل

دارالحکومت طرابلس سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، مشتعل افراد نے سڑکوں پرٹائر جلائے اور راستے بندکردیے جبکہ مظاہرین نے وزیرخارجہ کی سرکاری رہائش گاہ کو بھی آگ لگادی۔

مظاہرین نے فلسطین کے پرچم لہرا کر فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

دوسری جانب شدید احتجاجی مظاہروں کے بعد لیبیا کے وزیراعظم نے وزیرخارجہ کو عہدے سے برطرف کردیا۔

اس حوالے سے برطرف وزیرخارجہ کا مؤقف ہےکہ اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات اتفاقی تھی۔

واضح رہےکہ اسرائیل، عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے جس کے باعث اب تک بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض مسلم ممالک اس سے سفارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں