رحم دل خاتون نے اپنے گھر کو ہمنگ برڈ اسپتال میں تبدیل کر دیا

میکسیکو سٹی: 73 سالہ خاتون نے اپنے گھر کو خوبصورت ہمنگ برڈ کے لیے پناہ گاہ اور اسپتال کا درجہ دے دیا ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ 11 سال سے جاری ہے۔

کیٹیا لوٹف ڈی اریڈا کا فلیٹ گزشتہ عشرے سے ہمنگ برڈ کی آماجگاہ ہے جو میکسیکو سٹی میں واقع ہے۔ لیکن آبادی کے پھیلاؤ اور بے ہنگم عمارتوں سے حساس پرندوں کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔ ہمنگ برڈ ہرپھول سے رس چوستے ہیں اور زردانوں کی منتقلی (پولی نیشن) میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 73 سالہ کیٹیا نے خود ہی پرندوں کی دیکھ بھال سیکھی ہے۔ وہ کئی بیمار ہمنگ برڈ کو تندرست کرچکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پورے شہر میں ان کا اپارٹمنٹ ہمنگ برڈ کا ہسپتال کہلاتا ہے۔ جو ہمنگ برڈ قابلِ علاج نہیں ہوتیں، کیٹیا انہیں سکون سے آخری وقت گزارنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

ان کے شوہر کے انتقال کے بعد وہ خود بھی آنتوں کے کینسر کی شکار ہوگئی تھیں۔ ایک روز انہوں نے سڑک پر ہمنگ برڈ دیکھا جس کی آنکھ زخمی تھی۔ وہ اس ننھے پرندے کا علاج تک نہیں جانتی تھیں لیکن اسے گھر لے آئیں اور جانوروں کے ڈاکٹرکو فون کیا جو ان کی دوست بھی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے ہمنگ برڈ کے لیے اپنا گھر خالی کردیا۔

کیٹیا کہتی ہیں کہ سرطان سے پریشانی اور مایوسی میں ان پرندوں نے ان کی بہت مدد کی ، کیونکہ ان کی خدمت کرکے وہ خود بھی مسرور ہوتی ہیں۔ اب مختلف لوگ زخمی اور بیمار ہمنگ برڈ ان کے کلینک لاتے ہیں اور وہ ان کا علاج اور دیکھ بھال کرتی ہیں۔

کیٹیا اب ہمنگ برڈ کی ماہر ہوچکی ہیں اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی غیرمعمولی مشہور ہورہے ہیں۔ کیٹیا کہتی ہیں کہ وہ مرتے دم تک ان بے زبان جانوروں کا خیال رکھیں گی۔

شیئرٹویٹ

اپنا تبصرہ بھیجیں