ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت، وزیر خارجہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر حتمی فیصلہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہائی پروفاٸل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے انڈیا میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کا فیصلے کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
بیان کے مطابق حکومت کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پاکستانی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت کا فیصلہ کرے گی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بننے والی ہاٸی پروفاٸل کمیٹی میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے علاوہ اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کاٸرہ، احسان مزاری اور طارق فاطمی شامل ہیں۔
کمیٹی میں قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان اور سیکریٹری خارجہ بھی شامل ہے۔
ہائی پروفائل کمیٹی انڈیا میں ورلڈ کپ سے متعلق قومی کرکٹرز کی سکیورٹی سمیت تمام امور پر سفارشارت مرتب کرے گی جن کی روشی میں ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جاٸے گا۔
کمیٹی حتمی سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجواٸی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط رکھی ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر میں انڈیا میں منعقد ہونا ہے جبکہ روایتی حریف انڈیا کے خلاف بڑے ٹاکرے میں 15 اکتوبر کو احمد آباد میں گرین شرٹس نے مدمقابل آنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں