میں لڑنے کے لیے تیار ہوں مگر ایلون مسک تاریخ کی تصدیق نہیں کررہے، مارک زکربرگ

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ وہ ایکس (ٹوئٹر) کے مالک سے لڑنے کے لیے تیار ہیں مگر انہیں یقین نہیں کہ کوئی تاریخ اس وقت تک طے ہو سکتی ہے جب تک ایلون مسک تصدیق نہیں کر دیتے۔

ایلون مسک نے 11 اگست کو کہا تھا کہ ان کی مارک زکربرگ کے ساتھ کیج فائٹ ایکس اور میٹا پر لائیو اسٹریم کی جائے گی اور کچھ آپ کیمرے میں دیکھیں گے وہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اٹلی کی حکومت اس فائٹ کی میزبان بننے کے لیے تیار ہوگئی ہے مگر اطالوی وزیر ثقافت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ابھی روم میں کسی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو رہا۔

مارک زکربرگ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایلون مسک کی بیان کردہ تفصیلات سے حیران رہ گئے ہیں۔

مارک زکربرگ سے فائٹ کہاں ہوگی؟ ایلون مسک نے جگہ کا نام بتا دیا

سوشل میڈیا ایپ تھریڈز میں اپنے میسجز میں مارک زکربرگ نے کہا کہ ‘مجھے اس کھیل سے محبت ہے اور میں اس دن سے فائٹ کے لیے تیار ہوں جب سے ایلون مسک نے مجھے چیلنج کیا، اگر وہ کبھی کسی حقیقی تاریخ پر رضا مند ہوئے تو آپ میرا جواب بھی سن لیں گے، اس وقت تک یہ تصور کرلیں کہ وہ جو کچھ بھی کہہ رہے اس پر ابھی اتفاق نہیں ہوا’۔

مارک زکربرگ اس سے پہلے 26 اگست کی تاریخ تجویز کر چکے ہیں مگر ایلون مسک نے 12 اگست کو کہا تھا کہ کندھے کی سرجری سے ریکور ہونے کے لیے چند ماہ درکار ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں